آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچویں سالانہ خواتین کانفرنس کا انعقاد
خصوصی رپورٹ: راجہ نور الہی عاطف
آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیرِ اہتمام پانچویں سالانہ خواتین کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں ملک بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حافظ محمد زاہد اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سیدہ مصور صلاح الدین نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض مدیحہ کنول نے ادا کئیے ۔ تمام گیسٹ سپیکرز نے فلسطین میں جاری مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ہر فرد کو انفرادی و اجتماعی سطح پر آواز بلند کرنے پر زور دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہر میدان میں آگے سے آگے بڑھنا چاہئے اسی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رواج پائے گی اور معاشرہ ترقی کرے گا۔ کانفرنس پی آر او ٹو گورنر پنجاب محترمہ لالہ رخ ناز، ڈپٹی سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب محترمہ ظل ہما، عالمی شہرت یافتہ آسٹرو لوجسٹ سامعہ خان ،لیجنڈری اداکارہ عذرا آفتاب،علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ صبح خان ، علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر فضلیت بانو ،دبنگ جرنلسٹ دعا مرزا، معروف شاعرہ کومل جوئیہ،معروف لکھاریہ گل ارباب ، لیگل ایڈوائزرایڈووکیٹ سعدیہ ہما شیخ، تحریک نفاذ اردو کی متحرک رکن فاطمہ قمر، اینکر پرسن ثناء آغا خان اور ہیلتھ ایڈوائزر اپووا ڈاکٹر انعم پری نے بطور گیسٹ سپیکر شرکت کی۔ معزز مہمانانِ گرامی نے معاشرے کی ترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لائیں۔ فلسطین کے موضوع پر بھی سب نے اپنی آواز بلند کی اور مظلوموں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ مقررین نے اعتراف کیا کہ بانی اپووا محترم ایم ایم علی اور پیٹرن ان چیف زبیر احمد انصاری کی قیادت میں تنظیم علم، ادب، شعور اور خواتین کی ،فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد بھی انہی اعلیٰ مقاصد کا عکس تھا۔