بہاولنگر () ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بہاولنگر کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع میں ٹرانسپورٹ کے انتظامات، کرایوں کے تعین، غیر قانونی رکشوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی، اور عوام کو سفری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامے کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ سروس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک موثر مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اجلاس میں شہر میں غیر قانونی پارکنگ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف مہم تیز کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔
بہاولنگر () ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ان کے وجوہات کے تجزیے کے لیے ایکسیڈنٹ ریویو میٹنگ منعقد کی گئی۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کی، جبکہ ٹریفک پولیس، ہائی وے اتھارٹی، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں ہونے والے حالیہ ٹریفک حادثات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی وجوہات، ذمہ داریوں اور مستقبل میں ان سے بچاؤ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ خطرناک مقامات پر مزید ٹریفک سائن بورڈز لگائے جائیں، عوام میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے، اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حادثات کی روک تھام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں کی خصوصی ٹریننگ کروانے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور حادثات میں کمی کے لیے موثر اقدامات کریں۔