ٹوبہ ٹیک سنگھ (افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف ٹوبہ ٹیک سنگھ چیئرمین ینگ جرنلسٹ پریس کلب) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی سہولت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور ان کی نگرانی کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جنہیں ہدایت کی گئی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گرانفروشی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانت داری سے نبھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر تمام افسران کو بروقت اقدامات کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔
