رپوٹ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ
ٹھٹھہ، 17- جنوری (ھ آ): ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے کہا ہے کہ پولیو سمیت دیگر مختلف وبائی امراض سے مستقبل کے معماروں کو تحفظ فراہم کرنا معاشرے کے ہر فرد کا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ فروری 2025ء میں شروع ہونے والی مہم کی تیاریوں اور گذشتہ دسمبر 2024ء کی پولیو مہم کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زیرو ڈوز کوریج میں نمایاں اضافہ کو سراہا گیا جوکہ 91 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ شرکاء نے زیادہ خطرے والے علاقوں میں پولیو کی نشاندہی اور منتقلی کو روکنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گذشتہ پولیو مہم کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیو ٹیموں و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کی انتھک محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے ، انہوں نے پولیو ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی مزید بہتر نتائج کے خصول کیلئۓ اسی ہی تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ 5 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے اعداد و شمار اور ڈیٹا شیئر کرنے اور تمام این جی اوز کو گاڑیاں فراہم کرنے سمیت یو سی چیئرمنز کو بھی پولیو ٹیموں سے تعاون کیلئے پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی اضلاع کے بارڈرز والی یونین کونسلز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کو بچوں کو مختلف وبائی امراض سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور افادیت کے متعلق عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ بروقت مناسب ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کے تمام صحت مراکز میں ڈلیوری کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کا مکمل ڈیٹا ضرور رکھیں تاکہ ان کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور پولیو ٹیموں کا ہر فرد قومی ہیرو ہے، انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے آئندہ مہم کے لیے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ قبل ازیں این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر عامر حسین اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام کے متعلق فوکل پرسن نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فراز احمد عباسی، اسسٹنٹ کمشنر اعجاز علی ہالیپوٹو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صفدر علی شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈی ای او سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی، امیونائزیشن آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر لائقہ، ڈسٹرکٹ منیجر یونیسیف سجاد حیدر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ مرف، پی پی ایچ آئی اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔