*جامعہ کراچی اور امریکا میں قائم الکوثر اِن کارپوریشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط*
*الکوثر جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو اسکالرشپ فراہم کرے گا*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی اور امریکا میں قائم الکوثر اِن کارپوریشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور الکوثر کے پاکستانی نمائندے سید قائم مہدی نے دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو اسکالرشپ فراہم کریگا۔ قائم مہدی نے شرکاء کو بتایا کہ الکوثر نے سنہ دو ہزار آٹھ عیسوی میں تعلیم اور طبی شعبوں میں کام شروع کیا اور ملک میں سیلاب آنے کے بعد سیلاب زدگان کو امداد کی فراہمی سے اپنے کام کو وسعت دی۔ انہوں نے بتایا کہ سنہ دو ہزار اٹھارہ عیسوی میں جامعہ کراچی کے تقریباً چالیس طلباوطالبات کو اسکالرشپ مل رہی تھی اور اب یہ تعداد سالانہ بنیاد پر ایک سو پچاس سے دو سو تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیو جرسی میں مقیم الکوثر پہلے ہی جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو اسکالرشپ فراہم کررہا ہے اور اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد جامعہ کراچی کے طلبہ کیلئے اسکالر شپ کے مختص فنڈ میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے الکوثر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے جامعات کو بہت مدد مل رہی ہے اور ایسی تنظیمیں / ادارے ضرورت مند طلبہ کے لئے امید کی کرن کی مانند ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں بے تحاشہ اضافے، روزگار کے مسائل اور دیگر عوامل نے نوجوان نسل کیلئے تعلیم اور بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواب ناممکن بنادیا ہے۔ جامعہ کراچی ملک کی واحد جامعہ ہے جس نے حصول علم کے خواہشمند طلبہ کیلئے اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ قائم کیا ہے تاکہ حصول علم کے خواہشمند طلباوطالبات کا محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تواتر کیساتھ تنخواہوں میں اضافے کے باوجود وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے مختص گرانٹ میں سنہ دو ہزار اٹھارہ عیسوی کے بعد کوئی اضافہ نہیں ہوا جو جامعات کے مالی مشکلات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، رئیس کلیہ نظمیات و انتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرار محی الدین، ناظم مالیات سید جہانزیب، ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین، انچارج سیمسٹر سیل پروفیسر ڈاکٹر تاثیر احمد خان، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا خان، ڈاکٹر سید عاصم علی، پرووسٹ گرلز ہاسٹل پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت علی، پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر سیدہ حورالعین، میڈیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹر اکمل وحید، انچارج اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈ آفس ڈاکٹر ذی اسماء حنیف خان اور الکوثر سے محسن رضا، مشتاق علی، ایس ایم رضا، وجاہت حسین اور پروفیسر ڈاکٹر سکندر مہدی و دیگر موجود تھے۔