*نماز کی اہمیت*
بدھ 04 دسمبر 2024
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
مسئلہ نمبر 06
*بے نماز کا انجام کارون، فرعون، ہامان اور ابی بن خلف کے ساتھ ہوگا*
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن نماز کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا “جس شخص نے نماز کی حفاظت کی اس کے لیے نماز قیامت کے روز نور، برہان اور نجات کا باعث ہوگی۔ اور جس نے نماز کی حفاظت نہ کی اس کے لیے نہ نور ہوگا نہ برہان،نہ نجات۔نیز قیامت کے روز اس کا انجام قارون فرعون، ہامان اور ابی بن خلف کے ساتھ ہوگا۔”(اسے ابن حبان نے روایت کیا ہے۔)
مسئلہ نمبر 07
*اسلام اور کفر کے درمیان حد فاصل نماز ہے*
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔”مسلمان آدمی اور شرک یا کفر کے درمیان حد فاصل ترک نماز ہے۔”(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
مسئلہ نمبر 08
*10 برس کی عمر میں اگر بچہ نماز کا عادی نہ بنے تو اسے مار کر نماز پڑھوانی چاہیے*
حضرت عمرو اپنے باپ شعیب سے اور شعیب اپنے دادا( عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔”جب تمہارے بچے سات برس کے ہو جائیں تو انہیں نماز پڑھنے کا حکم دو جب 10 برس کے ہو جائیں اور نماز باقاعدگی سے نہ پڑھیں تو نماز پڑھانے کے لیے انہیں مارو۔ نیز 10 برس کی عمر کے بچوں کو علیحدہ علیحدہ بستروں پر سلاؤ۔” (اسے ابو داؤد نے روایت کیا ہے)
مسئلہ نمبر 09
*صرف نماز عصر کا فوت ہو جانا ایسا ہے جیسے کسی کا مال اور اہل عیال لٹ جائے*
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔”جس شخص کی نماز عصر فوت ہو جائے اس کی حالت اس شخص کی طرح ہے جس کا اہل و عیال اور مال و اسباب ہلاک ہو گیا ہو۔”( اسے بخاری اور مسلم نے روایات کیا۔)
مسئلہ نمبر 10
*نماز سے غفلت کی سزا* حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالی عنہ خواب کی حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔” جو شخص قرآن یاد کر کے بھلا دیتا ہے اور نماز فرض پڑھے بغیر سو جاتا ہے اس کا سر پتھر سے کچلا جا رہا تھا۔”( اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔)
مسئلہ 11
*نماز فجر اور عشاء کے لیے مسجد میں نہ آنا نفاق کی علامت ہے*
مسئلہ نمبر 12
*با جماعت نماز نہ پڑھنے والے لوگوں کے گھروں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جلانے کا ارادہ فرمایا*
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔”منافقوں پر فجر اور عشاء کی نماز سے زیادہ بھاری کوئی نماز نہیں ہوتی۔ اگر انہیں یہ پتہ چل جائے کہ دونوں نمازوں کا ثواب کتنا زیادہ ہے تو ان دونوں نمازوں میں ضرور آتےخواہ گھٹنوں کے بل ہی آنا پڑتا۔ میں نے ارادہ کیا کہ موذن کو حکم دوں کہ وہ اقامت کہے پھر ایک آدمی کو حکم دوں کہ وہ لوگوں کی امامت کرائے اور خود آگ کا ایک شعلہ لے کر ان لوگوں( کے گھروں)کو جلا دوں جو اس (اذان اور اقامت) کے بعد نماز کے لیے نہیں نکلتے۔” (اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔)
مسئلہ نمبر 13
*خلاف سنت ادا کی گئی نماز قیامت کے روز ناکامی اور نامرادی کا باعث بنے گی*
مسئلہ نمبر 14
*قیامت کے روز حقوق اللہ میں سب سے پہلے نماز کا حساب ہوگا*
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ۔”قیامت کے روز بندے سے سب سے پہلے جس چیز کا حساب لیا جائے گا وہ اس کی نماز ہے اگر نماز( سنت کے مطابق) درست ہوئی تو وہ بندہ کامیاب و کامران ہوگا اور اگر نماز خراب ہوئی یعنی سنت کے مطابق نہ پائی گئی تو ناکام اور نامراد ہوگا۔ اگر بندہ کے فرائض میں کچھ کمی ہوئی تو رب تعالی فرمائیں گے میرے بندے کے نامہ اعمال میں دیکھو کوئی نفل عبادت ہے؟ اگر ہوئی تو نوافل کے ساتھ فرائض کی کمی پوری کی جائے گی پھر اس کے تمام اعمال کا حساب اسی طرح ہوگا۔”
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔)
*الدعاء*
یا اللہ تعالی میرا حساب آسان لینا۔
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333