*پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں سیکورٹی انتظامات پر 50 کروڑ خرچ*
*800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے تھے جن کے کرایہ کی مد میں اسلام آباد پولیس کے7 کروڑ 28 لاکھ خرچ ہوئے ہیں*
اسلام آباد میں سیکورٹی انتظامات کی مد میں تحریک انصاف کا 3 روزہ احتجاج قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے سے زائد میں پڑا۔
کنٹینرز کا کرایہ، آنسوگیس کے 35 ہزار شیلز کی خریداری ،ربڑ کی گولیوں اوربندوقوں کی خریداری کی مد میں وفاقی پولیس کے33 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں.
جبکہ اسلام آباد کے ضلع بھرمیں وفاقی پولیس ، پنجاب پولیس ، سندھ پولیس اور ایف سی کی مجموعی طور پر12ہزار پولیس افسران اور اہلکار23 نومبر سے 26 نومبر تک تعینات رکھے گئے جن کے ناشتہ ، دوپہر اور رات کے کھانوں ،پولیس کی گاڑیوں میں پٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر متفرق اخراجات کی مد میں الگ سے17 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے.
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کے ڈی چوک پر احتجاج کے موقع پر ضلع اسلام آباد کو 24 مقامات کوسیل کرنے کیلیے مجموعی طور پر 800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے تھے جن کے کرایہ کی مد میں اسلام آباد پولیس کے7 کروڑ 28 لاکھ خرچ ہوئے ہیں.
پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ ربڑ کی گولیوں اور 2500 بندوقوں کی مد میں مجموعی طورپر11 کروڑ روپے کے اخراجات آئے ہیں ۔