غزہ میں عارضی جنگ بندی کی تجاویز پر حماس کا ردعمل آگیا۔
عارضی طور پر جنگ روکنے کی تجویز کا مقصد بعد ازاں دوبارہ حملے شروع کرنا ہے۔حماس رہنما
غزہ(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق حماس نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کی تجاویز کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مصری صدر اور امریکی حکام کی جانب سے پیش کی جانے والی عارضی جنگ بندی تجاویز کو مسترد کردیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے سینئر حماس رہنما نے کہا کہ عارضی طور پر جنگ روکنے کی تجویز کا مقصد صرف بعد ازاں دوبارہ حملے شروع کرنا ہے جس پر ہم پہلے سے ہی اپنا موقف واضح کرچکےہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حماس عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے۔ واضح رہے غزہ میں جنگ بندی کے لیے گزشتہ چند روز سے قطر کی ثالثی میں نئی کوششوں کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد مصری صدر اور امریکی ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی تجاویز سامنے آئی تھیں۔ دوسری جانب لبنانی وزیراعظم نجیب میکاتی نے امید ظاہر کی ہے کہ 5 نومبر کو امریکی الیکشنز سے قبل حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا امکان ہے۔