64

الیاس سیتا پوری یوم وفات : یکم اکتوبر 2003

الیاس سیتا پوری

یوم وفات : یکم اکتوبر 2003
۔……………………………………..

اردو زبان کے عظیم ناول نگار اور افسانہ نویس الیاس سیتاپوری جن کا اصل نام محمد الیاس خان ہے 30 اکتوبر 1934 کو لکھنؤ (اترپردیش) کے ضلع سیتاپور میں پیدا ہوئے۔ ان کے آبا و اجداد کا تعلق پٹھانوں کے یوسف زئی قبیلے سے تھا جو کابل (افغانستان) سے ہجرت کر کے شاہجہاں پور (اترپردیش) میں آباد ہوئے تھے۔ الیاس سیتاپوری نے اپنی ابتدائی تعلیم سیتاپور میں حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد وہ اپنے والدین کے ہمراہ لاہور پاکستان منتقل ہوئے اور کچھ عرصہ بعد وہ لاہور سے کراچی منتقل اور مستقل طور پر وہ کراچی کے ہو کر رہ گئے۔ الیاس سیتا پوری کے والد کا نام محمد اسحاق خان اور والدہ کا نام کنیز فاطمہ ہے۔ الیاس سیتا پوری نے دو شادیاں کیں پہلی شادی ثریا صاحبہ سے کی ان سے انہیں 3 بچے پیدا ہوئے جن میں بیٹا محمد شہہاب بیٹی نیلوفر اور بیٹا محمد عدنان شامل ہیں ۔ 1960 میں ان کی اہلیہ ثریا کا انتقال ہوا جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی محترمہ ضیا تسنیم بلگرامی سے کی جو کہ خود بھی ایک نامور لکھاری ہیں ۔ صیا تسنیم سے انہیں 5 بچے پیدا ہوئے جن میں ایک بیٹا الیاس کاشف اور 4 بیٹیاں اسنا، خیزران، زنوبیا اور فروزینہ شامل ہیں۔ زنوبیا ایک معروف صحافی اور مصورہ ہیں جبکہ اسنا اور کاشف کا بھی ادب سے کچھ تعلق ہے ۔ الیاس سیتا پوری نے 16 سال کی عمر میں 1940 سے ابتدا میں بچوں کے لیے کہانیاں لکھنا شروع کر دیں جس کے بعد انہوں نے تاریخی کہانیاں، ناول اور افسانے لکھنا شروع کیا۔ ان کی پہلی تاریخی کہانی جس نے بھرپور پذیرائی حاصل کی وہ ”خانِ اعظم کا تحفہ“ تھی جو 1971 میں ماہنامہ سب رنگ ڈائجسٹ میں شائع ہوئی تھی جس کے بعد ان کی تحریریں اپنے دور کے اردو کے مقبول ترین تمام رسائل اور ڈائجسٹ و جرائد میں شائع ہونے لگیں جن میں ” سب رنگ ڈائجسٹ، سسپنس ڈائجسٹ، اردو ڈائجسٹ، سیارہ ڈائجسٹ، پاکیزہ ڈائجسٹ، روحانی ڈائجسٹ، دوشیزہ ڈائجسٹ، شعاع اور نئےافق وغیرہ شامل ہیں۔ الیاس سیتاپوری کے قارئین کی تعداد اب بھی لاکھوں میں ہے ۔ان کا شمار اردو ادب کے صف اول کے چند بڑے ادیبوں میں ہوتا ہے۔ یکم اکتوبر 2003 میں کراچی میں ان کا انتقال ہوا ۔ ان کی تصانیف کی تعداد ڈیڑھ درجن کے قریب ہے جن میں چند مشہور تصانیف کے نام درج ذیل ہیں ۔

عجائب خانہ عشق ، حرم سرا، راگ کا بدن، اندر کا آدمی، چاند کا خدا، بالاخانے کی دلہن، پارسائی کا خمار، آوارہ گرد بادشاہ ، کشمیر کی کلی ، داستان حور، تیمور لنگ، سکندر اعظم ، وادی سندھ کے اسرار ، دیوی کے پرستار، ثمینہ، چاند کا خدا ، شہزادی کا نیلام و دیگر شامل ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں