ہارون آباد()ضلع بھر میں محرم الحرام کے مہنیے کو پرامن رکھنے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں : نصیب اللہ خان
ضلع بہاولنگر بھر میں محرم الحرام کے ماہ مبارک کو پرامن رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لیے 37 علماء کرام و ذاکرین کی ضلع بندی اور 14 علماء کرام و ذاکرین کی زبان بندی بھی کی گئی ہے۔1800 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ عاشور ہ محرم الحرام کے جلوس روٹس اور مجالس کی مانیٹرنگ اور فضائی نگرانی کی جائے گی۔ ایک مرکزی کنٹرول روم 063-9240063-64 ڈی پی او آفس میں قائم کیا گیاہے ۔یہ کنٹرول روم دس محرم تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔کنٹرول روم میں جلوس روٹس اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر نصیب اللہ خاں نے چوہدری فقیر حسین صدر پریس کلب چشتیاں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنصیب اللہ خاں نے مزید کہا کہ ضلع کے امن کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس و دیگر متعلقہ ادارے بخوبی اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں عوام کے ساتھ ساتھ خاص طور پر میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے پولیس سمیت دیگر فورسز کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔اس موقع پر چوہدری فقیر حسین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جناب نصیب اللہ خان نے ضلع بھر میں امن و آمان اور کرائم فری ڈسٹرکٹ اور کھلی کچہریوں کے زریعے سائلین کو فوری اور میرٹ پر انصاف فراہم کرنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کیا ہے ۔