خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے )ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب احمد صہیب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پرامن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالہ سے پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر انتظامی محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے ٹھوس انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام الناس کو کسی بھی قسم کی غیرمعمولی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہرآباد اور خوشاب شہر میں محرام الحرام کے جلوس روٹس اور مجالس عزاء کے مقامات کے جائزہ کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تو قیر محمد نعیم، اسسٹنٹ کمشنر اعجاز احمد ملک اور دیگر انتظامی افسران ان کے ہمراہ تھے۔اے ڈی سی (جی) نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس روٹس اور مجالس عزاء کے مقامات پر لائٹنگ اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جبکہ جلوس روٹس پر بجلی کی جھولتی تاروں کو بھی ٹھیک کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام میں مثالی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔اے ڈی سی (جی)نے محرم الحرام کے حوالہ سے مجموعی انتظامی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیااور انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تو قیر محمدنعیم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پرامن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے شرپسندعناصرکے مذموم عزائم کو عوام الناس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے خاک میں ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر تمام فورسز متحرک ہیں اور ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں کی مکمل نگرانی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
16